30 اگست ، 2014
دمبولا.....سری لنکا نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں 7وکٹوں سے ہراکر ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے سیریز بھی دو،ایک سے جیت لی۔ تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 103رنز کا ہدف دیا جو میزبان ٹیم نے3وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔ آخری اور فیصلہ کن میچ میں کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔دمبولامیں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، صرف چار رنزپر شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، مجموعی اسکور میں صرف 10رنز کے اضافے کے بعد احمد شہزاداور محمد حفیظ نے پویلین کی راہ لی،چوتھی وکٹ کی شراکت میں کپتان مصباح اور فواد عالم نے 33 بنائے، مصباح الحق 18 کے انفرادی اسکور پر رن آئوٹ ہوئے۔عمر اکمل سے صرف 7 رنز بناسکے۔صرف 55رنز پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔صہیب مقصود بھی 7 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی نے صرف 2 رنز بنائے۔ فواد عالم نے ناقابل شکست 38رنز بنائے۔پاکستان کے صرف تین بیٹسمین ڈبل فیگرمیں پہنچ سکے۔یوں پوری ٹیم32اعشایہ ایک اوورزمیںصرف102رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پریرا نے 4، پرساد نے 2 جبکہ ملنگا، ہیراتھ اور پرسنا نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا کو میچ جیتنے کیلئے 103رنز کا ہدف ملا جو اس نے18اعشاریہ 2 اوورز میں3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 77 رنزسے ہرایا تھا۔