02 ستمبر ، 2014
اسلام آباد...... شیخ رشید احمد نے حلفاً کہا ہے کہ انہوں نے عمران خان کو کسی کا پیغام نہیں پہنچایا، قومی اسمبلی سے استعفا اس وقت دیں گے جب عمران خان مستعفی ہوں گے۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وہ کل (بدھ کو) پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس میں اپنی تقریر کرنے بھی جائیں گے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ جاوید ہاشمی کا معاملہ، قوم کی توجہ اہم مسائل سے ہٹانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے، بچپن سے ہی انہیں کبھی خفا ، کبھی راضی ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ شیخ رشید نے کہا وہ حلفیہ کہتے ہیں کہ انہوں نے عمران خان تک کوئی پیغام نہیں پہنچایا تھا،حکومت اور جاوید ہاشمی نے فوج اور عدلیہ کو بیچ میں گھسیٹا،عمران خان کا ڈی چوک سے آگے بڑھنے کا فیصلہ درست تھا۔ شیخ رشید نے کہا کہ آج جمہوریت، ملک اور آئین کو نہیں بلکہ صرف نواز شریف کو خطرہ ہے۔ نیو ز کانفرنس میں صحافیوں نے شیخ رشید احمد کو آڑے ہاتھوں بھی لیا اور سوالات کی بوچھاڑ کر دی اور وہ کئی سوالوں کے اطمینان بخش جواب نہ دے سکے۔