10 ستمبر ، 2014
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر رابطہ کمیٹی کے ارکان عبد الحسیب ،یوسف شاہوانی اورحق پرست رکن سندھ اسمبلی محمد حسین پرمشتمل ایم کیوایم کے نمائندہ وفد نے جامعہ بنوریہ کے مہتہم ومعروف عالم دین مولانامفتی محمدنعیم سے ملاقات کی اوران کے دامادوجامعہ بنوریہ کے استادمولانامسعودبیگ کے قتل پرقائدتحریک الطا ف حسین کی جانب سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیا۔اس موقع پررابطہ کمیٹی کے ارکان نے مولانامفتی محمدنعیم کوقائدتحریک الطاف حسین کاخصوصی پیغام پہنچایااورمولانامسعودبیگ کے بہیمانہ قتل کو فرقہ وارانہ فسادات کی گھنائونی سازش کاحصہ قراردیتے ہوئے اورمولانامسعودبیگ کے قتل کی شدیدالفاظ میںمذمت کی اورکہاکہ امن دشمن عناصرشہرکاامن خراب کرنے کی سوچی سمجھی سازش پرعمل پیراہیں۔انہوںنے مولانامسعودبیگ شہیدکی مغفرت ان کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی اورمفتی محمدنعیم سمیت تمام سوگواران کے صبرجمیل کے لئے خصوصی دعائیںکیں۔اس موقع پرایم کیوایم علماء کمیٹی کے انچارج جاویداحمد ودیگراراکین بھی موجودتھے۔دریں اثنا حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے شہر میں ہونے والے قتل و غارتگری کے واقعات کو جواز بنا کر کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہری حقوق کی صریحاََ خلاف ورزی قرار دیا ۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہر میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں کی روک تھام اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے کے بجائے، ڈبل سواری پر پابندی لگا کر دو کروڑ سے زائد کی آبادی والے شہر کو پریشانی میں مبتلا کر رہی ہے۔ حق پرست ارکان اسمبلی نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے عام عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا جائے ،کراچی شہر میں ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث پہلے ہی شہری بسوں اور منی بسوں کی چھتوں اوردروازوں پر لٹک کر سفر کرنے پر مجبور ہیںجس سے بچنے کے لئے عوام بڑی تعداد میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کا سفر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈبل سواری پر پابندی کے باعث لاکھوں کی تعداد میں عوام آسان اور سستی سفری سہولت سے محروم ہوجائیں گے جبکہ دوسری جانب ٹرانسپورٹ مافیا کی چاند ی ہوجائے گی۔حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ سندھ اورگورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں عائد کی جانے والی ڈبل سواری کی پابندی کے نوٹیفکشن کومعطل کرکے عوام دشمن اقدام کو فی الفورواپس لیا جائے۔