15 ستمبر ، 2014
ہنگو ......ہنگو میں ٹل تھانہ پر خودکش حملہ کے بعد ، پولیس اور سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرکے 40مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ڈی ایس پی ہنگو اشرف خان کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ آپریشن کے دوران 40 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ آج صبح سویرے ٹَل تھانے پر شدت پسندوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا ۔ حملہ آوروں میں خودکش بمبار بھی تھا جو تھانے میں داخل نہ ہو سکا اور خود کو تھانے کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے سے تھانے کا ایک حصہ گر گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار صابر شاہ جاں بحق جبکہ دو اہلکار زاہد اور میر جان زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد ٹل میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے ۔