پاکستان
23 ستمبر ، 2014

پشاور: شیر شاہ سوری روڈ پر دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 13زخمی

پشاور: شیر شاہ سوری روڈ پر دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 13زخمی

پشاور...... پشاور کینٹ میں شیر شاہ سوری روڈ پر ایف سی اسکواڈ کے قریب دھماکا ہوا۔ دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور13زخمی ہوئے۔دھماکے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ۔ دھما کا پشاور صدر کی مصروف ترین شاہراہ شیرشاہ سوری روڈ پر ہوا جب ایف سی قافلے کے قریب گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا یا ۔دھماکے میں ایک ایف سی اہلکار اور ایک خاتون سمیت 4 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔دھماکے کی زد میں کئی گاڑیاں بھی آئیں ۔پولیس کے مطابق دھماکے میں 45کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیاگیا۔ دھماکے کے 13زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ اورلیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیاگیاجہاں 9 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ 4 زخمی بدستور زیر علاج ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا پرویزخٹک زخمیوں کی عیادت کے لئے اسپتال پہنچے۔ ان کا کہناتھا کہ آپریشن ضرب عضب سے صوبہ کے حالات پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ تفتیش کاروں کو دھماکے کی جگہ سے گاڑی کا چیسس اور انجن نمبر ملے ہیںجن کی مدد سے مالک کی تلاش شروع کردی گئی ہے جبکہ خود کش حملہ آور کے جسمانی اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھجوادیئے گئے ہیں۔ واقعے کی ایف آئی آر نامعلوم شدت پسندوں کے خلاف درج کرلی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ ضرب آپریشن کا رد عمل ہوسکتا ہے۔ دھماکے کے بعد پشاور کے بیرونی و داخلی راستوں پرقائم چیک پوسٹوں پر سیکورٹی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :