19 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی میں قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں 6 ٹانگوں والے بچے کا کامیاب آپریشن ہوگیا،ڈاکٹروں نے بچے کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔ این آئی سی ایچ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال رضا نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ 6 ٹانگوں والے بچے کے آپریشن سے قبل الٹرا ساوٴنڈ اور ایم آر آئی کیا گیا اور شعبہ سرجری کے انچارج ڈاکٹر جمشید اختر کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے ڈھائی گھنٹے طویل آپریشن کیا اور بچے کے جسم سے جڑے 2 اضافی ہاتھ اور 2 ٹانگیں نکال دی گئیں۔ یہ اضافی اعضاء بچے کے ساتھ نامکمل جڑواں بچے کے تھے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچہ ہوش میں آچکا ہے، اس کی زندگی خطرے سے باہر ہے لیکن اسے 48 گھنٹے تک آئی سی یو میں رکھا جائے گا۔ ڈاکٹروں نے یہ بھی بتایا کہ بچے کے مزید آپریشن ہوں گے لیکن کوئی ٹائم دے سکتے ہیں نہ تعداد بتا سکتے کہ مزید کتنے آپریشن ہوں گے۔ بچے کے کامیاب آپریشن پر اس کے والدین نے خوشی کا اظہار کیا، بچے کے والد عمران شیخ نے بتایا کہ یہ اس کی پہلی اولاد ہے اور لوگ دعا کریں کہ اس کا بیٹا جلد صحت یاب ہوجائے۔