19 اپریل ، 2012
کراچی … جسقم کے رہنما بشیر قریشی کی موت کی وجہ جاننے کیلئے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق متوفی کے کیمیائی نمونوں میں فاسفورس پایا گیا ہے، لیکن اس کی مقدار کاتعین نہیں ہوسکا ، دوسری جانب جسقم نے رپورٹ کو حقائق چھپانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے ہفتہ 21 اپریل کوسندھ بھر میں ہڑتال اور یوم سوگ کااعلان کردیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر عمر میمن نے کراچی میں میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ بشیر قریشی کے کیمیائی نمونوں میں فاسفورس پایا گیا ہے، فاسفورس ایک کیمیکل ہے، جو کیڑے مار ادویات میں استعمال ہونے کے ساتھ معمولی مقدارمیں انسانی دواوٴں میں بھی شامل ہوتا ہے۔ ڈاکٹر عمر میمن کا کہنا تھا کہ بشیر قریشی کے نمونوں کے کیمیائی تجزیئے میں فاسفورس کی حتمی مقدار کا پتہ نہیں چلاسکتے کیونکہ یہ سہولت پاکستان میں موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر لواحقین چاہیں تو بیرون ملک تجزیہ کراسکتے ہیں۔ دوسری جانب کراچی پریس کلب میں بشیر قریشی کے بھائی مقصود قریشی اور دیگر رہنماوٴں کے ساتھ نیوز کانفرنس میں جسقم کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر نیاز کالانی نے کہا کہ بشیر قریشی کی وجہ موت جاننے کیلئے قائم محکمہ صحت کی کمیٹی کی رپورٹ مبہم اور حقائق کو چھپانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 23 مارچ کو کراچی میں کامیاب آزادی مارچ کے بعد ریاستی اداروں نے ایک منظم سازش کے تحت منصوبہ بندی کر کے بشیر قریشی کو راستے سے ہٹایا۔ انہوں نے ہفتہ 21 اپریل کو سندھ بھر میں پرامن ہڑتال اور یوم سوگ کی اپیل کی ہے۔