19 اپریل ، 2012
کوئٹہ … پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ باغی نہیں، جتنی زیادتیاں اس صوبے کے عوام کے ساتھ ہوئی ہیں اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ ملتان سے کوئٹہ پہنچنے کے بعد ایئر پورٹ پر جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے بلوچستان کے ساتھ زیادتی کی انہیں یہاں کی عوام سے معافی مانگنی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک تو آزاد ہوگیا تھا لیکن یہاں کے لوگ آزاد نہیں ہوسکے، انہیں آج بھی امریکا کا غلام بنادیا گیا ہے۔ اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نواب اکبربگٹی کے قتل کے حوالے سے پرویز مشرف کے خلاف کیس چلائیں گے، اور اسے انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، اس کے علاوہ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف بھی آواز بلند کریں گے۔