19 اپریل ، 2012
کراچی … عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے تواتر کے ساتھ چائے کے ہوٹلوں پر فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں، منظم منصوبہ بندی کے تحت مخصوص علاقوں میں معصوم اور بے گناہ کاروباری حضرات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اے این پی سندھ سے جاری اعلامیے کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت پختونوں کے قتل عام پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، 80 سال کے بوڑھے اور 14 سال کے بچوں کو ٹارگٹ کرنا انتہائی تشویشناک ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی کے امن کو ٹرمپ کارڈ کے طور پر استعمال کرنا انتہائی افسوسناک ہے، کچھ قوتیں کراچی میں آباد قومیتوں کو دست و گریباں کرکے اپنے گھناوٴنے منصوبے کی تکمیل چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حسینیت کے پیروکار ہیں مظلومیت کا علم مضبوطی سے تھامے رکھیں گے۔