20 اپریل ، 2012
اسکردو… گیاری سیکٹر میں پیش آنے والے المناک سانحے کو 14 روز گزر گئے لیکن برف کے ملبے تلے دبے پاک فوج کے جوانوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، تاہم پاک فوج کے اہلکار جواں مردی کے ساتھ اپنے ساتھیوں کی تلاش میں کوشاں ہیں، جنہیں ناروے سے آئی ماہرانہ ٹیم کی معاونت بھی حاصل ہے، گیاری سیکٹرمیں برفانی تودے تلے دبے جوانوں کونکالنے کے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں، پاک فوج کو ماہرانہ معاونت فراہم کرنے کے لئے ناروے سے آئی امدادی ٹیم کا ایک رکن امدادی کاموں کے دوران بیمار ہوگیا، جسے سی ایم ایچ اسکردو منتقل کردیا گیا ہے،برفانی تودے تلے دبے جوانوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر دو مقامات تک پہنچنے کے لئے کھدائی کرکے سرنگیں بنائی جارہی ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقے کے سارے مقامات پر سرچ آپریشن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔آپریشن میں چارسو پچانوے افراد حصہ لے رہے ہیں۔ جن میں تراسی سویلین بھی شامل ہیں۔ جبکہ انتیس ڈمپرز، بلڈوزرز، ایکس کویٹرز اور دیگر بھاری مشینری متاثرہ علاقے میں دن رات جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں استعمال کی جارہی ہیں۔