11 اکتوبر ، 2014
لاہور...... سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایک آدمی دوپٹا سر پر لے کر دوسرا بھٹو بننے کے چکر میں ہے، ہم بھی عمران خان جیسا کام کر سکتے تھے مگر ملک میں انتشار نہیں چاہتے۔ لاہور میں خیبر پختونخوا کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کوئی مائیک توڑ کراورکوئی دوپٹہ لے کر بھٹو بننے کے چکر میں ہے، دوسروں کے سہارے سیاست کرنے والے اب اپنے پاؤں پر کھڑے ہوکر سیاست سیکھ لیں ، عمران خان جیسا کام کرسکتے تھے مگر ملک میں انتشار نہیں چاہتے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بلاول اکیلا بیٹا ہے ،بی بی کی وصیت میں کہیں نہیں لکھا کہ اسے سیاست میں لانا ہے، کارکن قربانیاں دیں اور ہمارے بچے بیٹھے رہیں یہ کیسے ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم نہیں چلا سکے تھے، ہمارے امیدواروں کو فون پر دھمکیاں دی جاتی رہیں۔