20 اپریل ، 2012
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ عوامی نمائندگی رکھنے والی جماعت کے خلاف عصبیت انتہاء کو پہنچادی جائے تو ملک میں طرح طرح کے نعروں کا لگنا قطعی فطری عمل ہوگا۔ لندن سے جاری بیان میں ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ ،پاکستان کی واحد جماعت ہے جس کے خلاف عصبیت کی بنیاد پرسب سے زیادہ پروپیگنڈہ کیا گیاتاکہ ملک بھر کے عوام کواس کے انقلابی پیغام اورحق پرستانہ فکروفلسفہ سے دوررکھا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہرسال مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو سینکڑوں اعزازات دیئے جاتے ہیں لیکن قومی اعزازات کی تقسیم کے معاملے میں بھی ایم کیوایم کے نمائندوں کو عصبیت کا نشانہ بنایا گیا۔ سابق سٹی ناظم کراچی سید مصطفی کمال کو پوری دنیا کے قابل ترین افراد پر مشتمل بورڈ نے دنیا کے تین بہترین میئرز میں شامل کیا لیکن یہ عصبیت کی انتہا ء ہے کہ دنیا کے بہترین میئرز کی فہرست میں شامل ہونے اورپوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے سید مصطفی کمال کا وطن واپسی پر نہ تو حکومت کی جانب سے کوئی استقبال کیا گیا، نہ ہی ان کے اعزاز میں کوئی عصرانہ ، عشائیہ یا استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔الطاف حسین نے کہاکہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ طویل مدت تک فائز رہنے والے گورنر ہیں، ڈاکٹر عشرت العباد کی صوبے کیلئے خدمات اور ان کی کارکردگی سے اپنے پرائے سبھی خوش ہیں لیکن گورنرسندھ کو بھی تاحال تمام تر قومی اعزازات سے محروم رکھا گیا ہے۔