پاکستان
20 اپریل ، 2012

پاکستانی تاریخ میں اب تک تقریباً 50 فضائی حادثات ہوچکے ہیں

پاکستانی تاریخ میں اب تک تقریباً 50 فضائی حادثات ہوچکے ہیں

کراچی … پاکستان کی تاریخ میں اب تک تقریباً 50 فضائی حادثات ہوچکے ہیں، جن میں قومی ایئر لائن، نجی اور فوجی طیاروں کے حادثے شامل ہیں، 30 حادثات ایسے ہیں جن میں بڑے جانی نقصانات ہوئے۔ ملکی تاریخ کے چند بڑے حادثات کی تفصیلات کچھ اس طرح ہے۔ 28 ستمبر 1992ء کو ایئر بس اے 300 کٹھمنڈو ایئرپورٹ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی اور اس میں سوار تمام 167 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے۔ یہ اب تک پاکستانی تاریخ کا سب سے بڑا حادثہ شمار کیا جاتا ہے۔ 26 نومبر 1979ء کو پی آئی اے کا بوئنگ 707 سعودی عرب میں طائف کے پہاڑوں میں حادثے کا شکار ہوا اور تمام 156 مسافر جاں بحق ہوگئے۔ ایئرلائن کی تاریخ میں اس حادثے کو بھی بڑے حادثات میں شمار کیا جاتا ہے۔ 28 جولائی 2010ء کو اسلام آباد کی مارگلہ پہاڑیوں سے ٹکراکر نجی فضائی کمپنی ایئربلو کا طیارہ تباہ ہوگیا، اس طیارے میں 152افراد ہلاک ہوئے۔ 28 مئی 1965ء کو پی آئی اے کا طیارہ اے پی اے ایم ایچ قاہرہ کے ہوائی اڈے پر اترنے کے دوران تباہ ہوگیا، طیارے میں 119 افراد سوار تھے جس میں سے صرف 6 افراد کو زندہ بچایاجاسکاتھا۔ 25 اگست 1989ء کو گلگت میں فوکر ایف 27 کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں تمام 54 افراد جاں بحق ہوگئے، اس طیارے کا ملبہ آج تک نہیں مل سکا ہے۔ 10 جولائی 2007ء کو پی آئی اے کا فوکر طیارہ ملتان سے لاہور جانے کیلئے فضا میں بلند ہوا ہی تھا کہ ملتان ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں 2 بریگیڈیئر، وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی، ہائی کورٹ کے 2 جج صاحبان سمیت 45 افراد جاں بحق ہوئے۔ 25 دسمبر 1956ء کو پی آئی اے کا طیارہ 245 فضا میں بلند ہوا تو بدنصب مسافروں کو یہ علم نہیں تھا کہ ممبئی میں ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہوجائے گا، حادثے میں 40 افراد ہلاک ہوئے۔ 17 اگست 1988ء کو صدر پاکستان ضیاء الحق کا طیارہ سی ون 130 بہاولپور شہر میں فضا میں ہی حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس میں صدر سمیت 30سے زائد مارے گئے۔ یکم جولائی 1957ء کوپی آئی اے کا ڈکوٹا طیارہ 347 چراخی کے قریب گر کر تباہ ہوگیاجس میں 24 افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔ 26 مارچ 1965ء کو ایک اور ڈکوٹا طیارہ 347 حادثے کا شکار ہوا اور اس بار جائے حادثہ لواری پاس پاکستان تھا، حادثے میں 22 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 4 افرادکو بچالیا گیا۔ ایک اور حادثہ پی آئی اے کی فلائٹ کو اس وقت پیش آیا جب 15 مئی 1958ء کو طیارہ دہلی کے پالم ایئرپورٹ پر گرکرتباہ ہوگیا طیارے میں سوار 32 افراد میں سے 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 20 فروری 2003ء کو پاک فضائیہ کے سربراہ مصحف علی میر کا طیارہ کوہاٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا جس میں ایئر چیف سمیت 15افسران بھی جاں بحق ہوئے۔

مزید خبریں :