پاکستان
19 اکتوبر ، 2014

ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کی واردات پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت

کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بین الاقوامی سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی رہائشگاہ اور ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کی واردات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہاہے کہ ڈکیتی کی اس واردات نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کا ایک مرتبہ پھر پول کھول دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میںجرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں جب عبد الستار ایدھی جیسی بین الاقوامی فلاحی و سماجی شخصیت اور ان کا ادارہ محفوظ نہیں تو عام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کا اندازہ ہر ذی شعور شخص بخوبی لگا سکتا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے ڈکیتی کی واردات پر عبد الستار ایدھی اورایدھی سینٹر کے عملہ کے تمام اراکین سے دلی ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ جو بھی جرائم پیشہ عناصر اس واردات میںملوث ہیں وہ دکھی انسانیت کی خدمت اور جذبے سے مکمل عاری ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ عبدالستار ایدھی کی رہائشگاہ اور ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کی واردات میںملوث جرائم پیشہ عناصر کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لاکر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔ دریں اثنا رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر نصرت شوکت نے عبد الستار ایدھی اور ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ان سے عبد الستار ایدھی اور دیگر کی خیریت دریافت کی اور انہیں ایم کیوایم کی جانب سے ڈکیتی کی واردات میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے بھر پور مدد و تعاون کا یقین دلایا ۔

مزید خبریں :