Time 03 مارچ ، 2025
پاکستان

وزیراعلیٰ کو ارسال سمری میں نامزد امیدواروں میں کسی کو تعلیمی بورڈ کا تجربہ نہیں

وزیراعلیٰ کو ارسال سمری میں نامزد امیدواروں میں کسی کو تعلیمی بورڈ کا تجربہ نہیں
ایک نامزد پروفیسر پر سرچ کمیٹی کے ایک رکن کو حاضری کے بغیر ایم بی اے کرانے کا الزام بھی عائد ہے/ فائل فوٹو

کراچی: سندھ کے 8 تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمین کے تقرر کے سلسلے میں جتنے ناموں کی سمری وزیراعلیٰ کو بھیج گئی ہےان ناموں میں کسی بھی امیدوار کو تعلیمی بورڈ کا کوئی تجربہ نہیں جب کہ230 سے زائد امیدواروں نے انٹرویو دیا جس میں بورڈز کے موجودہ اور سابق افسران بھی شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق ایک نامزد پروفیسر پر سرچ کمیٹی کے ایک رکن کو حاضری کے بغیر ایم بی اے کرانے کا الزام بھی عائد ہے، اسی طرح سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دو اعلیٰ افسر جو سرچ کمیٹی کے رکن بھی ہیں اپنے ہی ڈائریکٹر کا بطور چئیرمین بورڈ انتخاب کرلیا جب کہ دوسری طرف سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل نعمان احسن نے غیر جانبداری برقرار رکھی اور مفادات کے ٹکراؤ کے پیش نظر سرچ کمیٹی کو انٹرویو نہیں دیا تھا۔

یاد رہے کہ سب سے زیادہ نمبر لانے والے امیدوار بریگیڈیئر وسیم اختر کی جانب سے اپنا نام واپس لینے کے بعد ایک نئی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے، وسیم اختر کو پہلی سمری میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کراچی میں مقرر کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ 

نئی سمری میں ریٹائرڈ بیوروکریٹ محمد مصباح تنہیو کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کراچی کا چیئرمین مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے، اسی طرح ایک صوبائی سیکرٹری کے بھائی غلام حسین سہو کو میٹرک بورڈ کراچی کا چیئرمین مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ 

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر وسطی مشرف علی راجپوت کو سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا چیئرمین مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے، حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے لیے سندھ یونیورسٹی کے ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد چانڈیو کی سفارش کی گئی ہے۔ 

نوابشاہ تعلیمی بورڈ کے لیے قائد عوام انجنیئرنگ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر آصف علی میمن کے نام کی سفارش کی گئی ہے، میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے لیے ریٹائرڈ صوبائی ایڈیشنل سیکرٹری منصور راجپوت کی سفارش کی گئی ہے۔

سکھر تعلیمی بورڈ کے لیے سندھ مدرسہ کے پروفیسر زاہد حسین چنڑ کے نام کی سفارش کی گئی ہے جب کہ لاڑکانہ بورڈ کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر خالد حسین مہر کے نام کی سفارش کی گئی ہے۔

مزید خبریں :