پاکستان
19 اکتوبر ، 2014

شیعہ سنی کو لڑانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، حامدموسوی

اسلام آباد....... تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ استعمار دنیا بھر میں شیعہ سنی کو لڑانے کی ناکام کوشش میں مصروف ہے جسے ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گاانبیاء کی قبریں تباہ کرکے رقص کرنے والی داعش کو سنی تنظیم قرار دینا برادران اہلسنت کی توہین ہے ،عالم اسلام کو اتحاد کی ضرورت ہے مسلم ذرائع ابلاغ دنیائے کفر کی سازش کا ادراک کریں، صحابہؓ و اہلبیت ؑسے محبت کے دعویداروں کو انبیاء اور صحابہ و اہلبیت کی قبریں تباہ کرنے والوں کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی ،آیۃ اللہ باقر النمر کی پھانسی سے اسلام دشمن قوتوں کو تقویت ملے گی صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نوازشریف آیۃ اللہ باقر النمر کی رہائی کیلئے سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات استعمال کریں ،پاک ایران کشیدگی دشمن کی سازش ہے سرحدی فائرنگ کی مشترکہ تحقیقات کی جائے پاکستا ن کو تسلیم کرنے سے لے کر پاک بھارت جنگوں اور اقتصادی ناکہ بندیوں کے دور میں پاکستان کی تائید و مدد کرنے والے ملک سے دوری پاکستان کو تنہا کرنے کے کھیل کا حصہ ہے ایران بھی امام خمینی کی راہ سے روگردانی نہ کرے اور پاکستا ن کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دے ۔پاکستان میںداعش کے قیام کی خبریں تشویشناک ہیں حکومت پاکستان عالم اسلام کے خلاف فتنے کو کچلنے کیلئے فوری اقدامات کرے،آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم قوم کیلئے باعث اطمینان ہے ہر محب دین و وطن پاکستانی عساکر پاکستان کی سرخروئی کیلئے دعائیں کرے ،مباہلہ نصرانیت پر اسلام کی فتح کا دن ہے محمد و آل محمد ؐ سے وابستہ ہو کر اسلام کے ہر دشمن کو شکست فاش دی جا سکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید مباہلہ کی مناسبت سے یوم فتح اسلام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ داعش کے پیچھے ابلیسی ہاتھ سنوڈن اور ہیلری کلنٹن کے اعترافات ہی نہیں اس کی کاروائیوں سے بھی بے نقاب ہو چکا ہے۔اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اسے وحشی درندوں سے منسوب کرنااستعماری ڈرامہ ہے عراق میںبلاتفریق شیعہ سنی کرد عرب سبھی متحد ہو کر دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں حتی کہ سنی اکثریتی علاقے موصل کی خواتین بھی داعش کے خلاف مزاحمتی تحریک چلا رہی ہیں۔

مزید خبریں :