پاکستان
21 اکتوبر ، 2014

تھرمیں قحط:بچے شکم مادر میں ہلاک ہورہے ہیں ، الطاف حسین

لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے تھر میں قحط سالی کے باعث حاملہ خواتین کی غذائی ضروریات پوری نہ ہونے کے سبب حاملہ خواتین کے پیٹ میں ہی بچوں کی اموات کے واقعات پر گہری تشویش کااظہا رکیا ہے اور ان واقعات پر حکومت سندھ کی بے حسی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تھر میں ہر سال مرد، خواتین اور بچے قحط سالی کا شکار ہوکر سسک سسک کر دم توڑ جاتے ہیں اب بھی تھر میں قحط سالی کے باعث کئی خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں اور جو لوگ تھر سے نقل مکانی نہیں کرپارہے ہیں وہ غذااور پانی کی شدید قلت اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تھر میں برسوں سے قحط سالی کے باعث خواتین ، بچوں اور مردوں کی اموات کے سینکڑوں واقعات کے باوجود حکومت سندھ کی جانب سے پانی اور غذائی ضروریات کی قلت کو ختم کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں اور تھر کے لوگوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ کر حکومت سندھ کے وزراء صرف اور صرف حکومت کے مزے لوٹ رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ تھر میں پانی اور غذائی قلت کی کمی کو ختم کرنے کیلئے ایم کیوایم کی جانب سے ٹیوب ویل نصب کرنے کی مہم جلد از جلد شروع کی جائے تاکہ تھر کے قحط سالی سے متاثرہ خواتین ، بچوں اور مردوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔ انہوں نے پاکستان بھر کے مخیر حضرات اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تھر میں قحط سالی سے متاثرہ خواتین ، بچوں اور مردوں کی بھر پور امداد کریں ۔ الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ ان افسوسناک واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیں ، اورحکومت سندھ سے اس سلسلے میں سخت باز پرس کی جائے۔دریں اثنا الطاف حسین نے میر پور خا ص زون کے کارکن فرید احمداورنوابشاہ زون، سکرنڈ کے کارکن امجد مراد خانزادہ کے انتقا ل پر گہر ے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی بیا ن میں انھوں نے مرحو مین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعز یت و ہمدردی کا اظہار کر تے ہو ئےدعا کی کہ اللہ تعالیٰ مر حو مین کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور سو گوار لواحقین کو یہ صد مہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے (آمین )۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے بھی فرید احمد ،امجد مراد خانزادہ ، ایمپلائمنٹ سیل کے جوائنٹ انچارج شاہد شمس کے بھائی جاوید شمس، میر پور خاص زون کے کارکن محمد عامر کی والدہ محترمہ زبیدہ ، فیڈرل بی ایریا کے ہمدرد محمد اکرام اللہ کے انتقال پر دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ہے ۔اور مرحومین کی مغفرت کی دعا کی ہے۔

مزید خبریں :