پاکستان
22 اکتوبر ، 2014

افتخارحسین کی بریت: حق اورسچ کی فتح ہے،رابطہ کمیٹی

افتخارحسین کی بریت: حق اورسچ کی فتح ہے،رابطہ کمیٹی

کراچی........متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے تمام ارکان نے میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے ایم کیوایم کے سینئرکارکن اور قائد تحریک الطاف حسین کے کزن افتخارحسین کے خلاف ڈاکٹرعمران فاروق شہیدکے قتل کیس کے تمام الزامات باعزت طورپرختم کئے جانے پرقائدتحریک الطاف حسین ،افتخارحسین اور تحریک کے تمام کارکنوں سمیت پوری قوم کو زبردست مبارکبادپیش کی ہے ۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ افتخارحسین کواس کیس کے الزامات سے باعزت طورپر بری کیاجانا حق اورسچ کی فتح ہے ۔انہوں نے کہاکہ جو عناصردنیابھرمیں ایم کیوایم اور قائدتحریک الطاف حسین کے خلاف منفی اورزہریلی پروپیگنڈے کرتے آئے ہیں اللہ تعالیٰ نے ایسے عناصر کوایک بار پھر ذلت ورسوائی سے دوچار کیا ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ انشاء اللہ شہیدوں کے لہوکے صدقے اورقوم کی دعاؤں کے طفیل اللہ تعالیٰ ہرآزمائش میں قائدتحریک الطاف حسین کوسرخروکرے گااور فتح ونصرت سے ہمکنار فرمائے گا۔ دریں اثنا ایم کیوایم برطانیہ کے آرگنائزر ڈاکٹر سلیم دانش اور اراکین آرگنائزنگ کمیٹی نے افتخارحسین قریشی پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات سے باعزت سرخرو اور بے گناہ ثابت ہونے پر کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حق پرسی کے خلاف ہونے والی سازشوں اور سازشی عناصر کو ایک مرتبہ پھر ناکام کردیا ہے ، اورا آج پھر ثابت ہوگیا ،حق حق ہوتا ہے اور حق پرستی کی تحریک اور جدوجہد میں دکھ تکلیف آتے ہیں لیکن آخر ی فتح سچ اور حق ہی کی ہوتی ہے۔ اس موقع پر برطانیہ کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے حق پرست عوام اور کارکنان نے الطاف حسین کو افتخار حسین قریشی کی باعزت تمام الزامات سے بری ہونے پر مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ الطاف حسین اور تحریک کو کامیاب و کامران کرے ۔ (آمین)

مزید خبریں :