کھیل
31 اکتوبر ، 2014

ابوظبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ

ابوظبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ

ابوظبی...... دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔یونس خان نے 111اور اظہر علی نے 101رنز کے ساتھ اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ شیخ زیداسٹیڈیم ابوظبی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے پہلے روزپاکستان کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کے بیٹ سے ابلتے رنز نے آ سٹریلین بولرز کے رنگ ڈھنگ بدل دئیے ، چوکوں چھکوں کی بر سات کے سامنے آ سٹریلین ٹیم کو ابوظبی ٹیسٹ کے پہلے روز ہی سخت مشکلات کا سامنا رہا۔ یونس خان نے سنچریز کی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ریکارڈ شکن اننگز کے دوران کئی سنگ میل بھی عبور کرلیے۔ یونس خان کے ساتھ مڈل آ رڈر کھلاڑی اظہر علی نے بھی اپنی ذمے داری کا بھر پور احساس کرتے ہوئے پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم بنانے میں اہم کردار اداکیا،ابو ظبی ٹیسٹ میں یونس خان اور اظہر علی نے آسٹریلیا کو ناکوں چنے چبوا دیئے ۔ پاکستان نے پہلے روزکھیل کے اختتام پر 2وکٹوں کے نقصان پر 304رنز بنا ئے۔یونس خان لگاتار تین ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے پاکستان کے چوتھے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف یہ کارنامہ سرانجام دینے والے پہلے پاکستانی کر کٹر ہیں۔ ابو ظبی ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اننگز شروع کی اور 57رنز کی شراکت قائم کی۔اس موقع پر نیتھن لیون نے احمد شہزاد کو35کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔دوسری وکٹ کے لیے حفیظ اور اظہر علی کے درمیان 39رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ مچل جانسن نے کھانے کے وقفے کے بعد حفیظ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کر کیا۔ محمد حفیظ نے 45رنز کی اچھی اننگز کھیلی، جس کے بعد یونس خان اور اظہر علی208رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی اظہر علی نے اپنے کیریئر کی چھٹی اور آسٹریلیا کیخلاف پہلی سنچری ا سکور کی۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن اور لیون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید خبریں :