22 اپریل ، 2012
لندن …بحری جہازٹائی ٹینک کے حادثے کو 100سال مکمل ہوگئے جس کی مناسبت سے برطانیہ کے شہرلیورپول کی شاہراہوں پر ایک انوکھے فیسٹیول کا اہتمام کیا گیاہے۔فرانس کی مشہوراسٹریٹ تھیٹر کمپنی کی جانب سے لیور پول کی شاہراہوں پر دیوہیکل کٹھ پتلیوں کے تماشےSea Odysseyکا آغاز کردیا گیا ہے ۔20سے23اپریل تک جاری رہنے والے اس کٹھ پتلی تماشے میں ایک 11سالہ بچی کی کہانی پیش کی جارہی ہے جس نے حادثے کا شکار ہونے والے بحری جہاز ٹائی ٹینک پر اپنے والد کو خط بھیجا تھا۔2ملین پاؤنڈکی لاگت سے تیار اور پیش کیے جانے والے اس کٹھ پتلی تماشے کی مرکزی کردارLittle Girl Giant(11سالہMay McMurray)کا قد 30فٹ اونچا ہے جو اپنے ساتھ20فٹ کا پالتو کتاXoloلیے ہوئے ہے ۔دوسری جانب50فٹ اونچا دوسرا دیوہیکل ماڈل لڑکی کے چچااور ماہر ڈائیور کا ہے جو پچھلے100برس سے سمندر کی تہہ میں اپنے بھائی کا جسم تلاش کررہا ہے تاکہ انکی آخری رسومات ادا کرسکیں جنہیں لاش تو نہیں ملتی لیکن بچی کا خط ضرور مل جاتا ہے۔ خط لیکر سمندر سے باہر آتے ڈائیور کے بعد نیا موڑ لیتے اس کٹھ پتلی ڈرامے کا اختتام23میل فاصلہ طے ہونے کے بعد چچا بھتیجی کے میلاپ پر ہوگا۔