10 نومبر ، 2014
لندن......چھ بار کے سابق چیمپین راجر فیڈرر نے اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز کا آغاز شاندار انداز میں کیا۔ چیک ری پبلک نے چار سال میں تیسری مرتبہ فیڈ کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔لندن میں جاری ایونٹ میں سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کا مقابلہ تھا کینیڈا کے میلوس راونچ سے۔فیڈرر نے چھ ایک اور سات چھ سے میچ جیت کر شاندار انداز میں ایونٹ کا آغاز کیا۔ایک اور میچ میں جاپان کے کائی نشیکوری نے برطانیہ کے اینڈی مرے کو اپ سیٹ شکست دی، جاپانی کھلاڑی کی جیت کا اسکور چھ چار اور چھ چار رہا۔ فیڈ کپ کا ٹائٹل جیک ری پبلک نے اپنے نام کرلیا۔ ایونٹ کی تیسری ٹائی میں عالمی نمبر چار پیٹرا کوویٹووا نے جرمنی کی اینجلیک کربر کو سات چھ، چار چھ اور چھ چار سے شکست دے کر چیک ری پبلک کو تین صفر کی برتری دلادی۔ اس موقع پر سابق امریکی اور چیک کھلاڑی مارٹینا نیورٹلووا بھی پراگ کے او ٹو ایرینا میں موجود تھیں، یہ چار سال میں چیک ٹیم کی فیڈ کپ میں تیسری کامیابی ہے۔