کھیل
13 نومبر ، 2014

15ٹیسٹ کا فاتح ،مصباح پاکستانی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان

15ٹیسٹ کا فاتح ،مصباح پاکستانی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان

ابوظبی.....ابوظبی ٹیسٹ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی کےساتھ کپتان مصباح الحق ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں۔بحیثیت کپتان انہوں نے 15ٹیسٹ جیتے ہیںجبکہ عمران خان اور جاوید میانداد نے 14-14ٹیسٹ میچز میں مرد میدان رہے۔مصباح الحق نے 2010 ء میں اس وقت ٹیم کی قیادت سنبھالی ،جب پاکستان کے تین اہم کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ کیس میں ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔ 2011 ء میں ون ڈے ٹیم کے بھی کپتان بن گئے۔ انہوں نے2012 میں انگلش ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا، پھر بھارت کواس کے ہوم گرائونڈ پر ون ڈے سیریز ہرائی،جس کے بعد وہ دیکھتے ہی دیکھتے سب کے ہیرو بن گئے۔کرکٹ کا کھیل گرگٹ کی طرح رنگ بدلتا ہے۔ جنوبی افریقا سے ٹیسٹ سیریز پھر زمبابوے سے ٹیسٹ ہارنے کے بعد مصباح پر سخت تنقید ہوئی لیکن مصباح نے ہمت نہ ہاری۔ہوم سیریز میں جنوبی افریقا کو پہلے ہی ٹیسٹ میں شکست دینے کے بعد انہیں کی سرزمین پر ون ڈے سیریز بھی جیتی۔شارجہ ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف تیز ترین رن چیز میں مصباح نے نمایاں کردار ادا کیا ۔ وقت پھربدلہ سری لنکا سے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں شکست ہوئی اور آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز بھی ہار گئےیہاں تک کہ مصباح نے خود کو تیسرے ون ڈے سے الگ بھی کرلیا۔کپتانی کےلئے نئے امیدوار بھی میدان میں آگئے،لیکن قسمت کی دیوی مصباح پر پھر مہربان ہوئی۔مخالفین کی زبانیں بند ہوگئی، آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو دو صفر سے سیریز ہرائی ،کبھی ٹک ٹک کہلانے والے مصباح نے ٹیسٹ کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ برابرکردیا۔ان کے رنز بنانے اور مسلسل میچز جیتنے کا سلسلہ تھمانہیں ۔ انہوں نے کیویز کے خلاف پہلے ٹیسٹ جیتنے ساتھ سنچری بھی داغ دی،ورلڈ کپ سے چند ماہ قبل وہ 15 ٹیسٹ جیت کر پاکستان کے کامیاب ترین کپتان بھی بن گئے۔اس پر اگر مصباح الحق کو ویل ڈن مصباح نہ کہا جائے تو انصافی ہوگی۔

مزید خبریں :