18 نومبر ، 2014
کراچی..........انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں، جیوپر منفرد مارننگ شو’’صبح پاکستان‘‘ کل سے شروع ہورہا ہے، ناظرین کی صبحوں کو حسین بنانے اور دھوم مچانے کے لیے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین آپ کے میزبان بنیں گے۔ دلچسپ مارننگ شو پیر سے جمعے کی صبح ساڑھے8بجے براہ راست پیش کیا جائے گا۔ ڈاکٹرعامرلیاقت حسین مارننگ شو ’’صبح پاکستان‘‘ میں کون سا منفردانداز اپنانے والے ہیں؟ یہ وہ سوال ہے جو اِن دنوں ہر گھرکاموضوع بنا ہوا ہے۔ اس کا جواب سب کو بدھ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے جیو پر مل جائے گا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اپنے برجستہ جملوں اور خوبصورت گفتگو کے لیے دنیا بھر میں مقبول ہیں،ان کی ایک اہم خوبی یہ ہے کہ وہ ہنسنے ہنسانے پر آئیں تو لوگوں کو بھی اپنے غم بھلا کر مسکرانے پر مجبور کردیتے ہیں اور جب سنجیدہ ہوں تو ایسے موضوعات پر پروگرام پیش کرتے ہیں کہ ناظرین ان کی گفتگو سے متاثر ہوکر اس مسئلے کے بارے میں غوروخوض کرتے ہیں۔ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی انہی خوبیوں کی بدولت ان کے مداحوں کی بڑی تعداد دنیا بھرمیں پائی جاتی ہے۔ مارننگ شو کا ٹائٹل سونگ ’’صبح پاکستان‘‘ کی مناسبت سے بہت خوب ہے۔ ’’صبح پاکستان’’ کی صورت میں ایک اور تاریخ ساز پروگرام پیش کرنے کااعزازحاصل کرنے والے ہر دلعزیز میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کرنے پر گزشتہ برس ملکی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے میڈیا کا سپراسٹار قراردیا تھا۔ حال ہی میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا نام ایک مرتبہ پھر دنیا کی 500بااثر ترین مسلمان شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا۔میڈیاکے غیرجانبدار تجزیہ نگاروں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ماضی کی شاندار روایات کے پیش نظر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اس بار بھی ناظرین کی توقعات اور دنیا بھر میں مقیم اپنے کروڑوں مداحوں کی امیدوں پر پورا اتریں گے ۔