03 دسمبر ، 2014
اسلام آباد........ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں کمی آئی ہے ، جس کی وجہ بڑے کرپشن اسکینڈل کا نہ ہوناہے ، تاہم سرکاری محکموں اور نچلی سطح پر کرپشن برقرار ہے ۔ ٹرانس پیرنسی انٹرنیشنل نے 2014ء کیلئے اپنی عالمی جائزہ رپورٹ کرپشن پرسیشن انڈیکس میں یہ بتایا ہے کہ پاکستان نے 20 سال کے دوران بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ تاہم گزشتہ سال کی رپورٹ کے مقابلے میں پاکستان نے صرف ایک درجہ بہتری کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان نے 100 میں سے 29 نمبر حاصل کیے ہیں ، 175 ممالک کی فہرست میں اس کا 126واں نمبر ہے اور پاکستان اب بھی پچاس واں سب سے زیادہ کرپٹ ملک ہے۔ 2012ء میں پاکستان 138واں جبکہ 90ء کی دہائی میں دنیا کا دوسرا کرپٹ ترین ملک قرار دیا گیا تھا۔ پاکستان کے مقابلے میں بھارت نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور 175 میں سے اس کا 86واں نمبر ہے۔ ٹرانس پیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق بظاہر یہ بہتری اس لئے ہوئی ہے کہ حکومت میں اعلیٰ سطح پر کرپشن کے بڑے اسکینڈلز کا نہ ہونا ہے۔ تاہم، سرکاری محکموں اور دفاتر میں نچلی سطح پر کرپشن بدستور جاری ہے۔پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف بھرپور جنگ شروع کرے۔