پاکستان
03 دسمبر ، 2014

لاہور : نادہندہ کیبل آپریٹر کے خلاف چھاپا ،سرکاری رکن نے کارروائی رکوادی

لاہور........پیمرا نے لاہور میں ایک میڈیا گروپ کی بالواسطہ ملکیت دو کروڑ روپے کے نادہندہ کیبل آپریٹر ’’ریگل اسٹار‘‘ کے خلاف چھاپا مارا، تاہم حکومت کی میڈیا ٹیم کے رکن نے کارروائی رکوادی ۔ دی نیوز کے سینئر صحافی احمد نورانی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہےکہ وفاقی حکومت کا ایک افسر ایک میڈیا گروپ کی بالواسطہ ملکیت دو کروڑ روپے کے ڈیفالٹر کیبل آپریٹر کےخلاف کارروائی سے پیمرا اور دیگر حکام پر زور دیتا رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ لاہور کا ایک کیبل آپریٹر ’’ریگل اسٹار‘‘ جو بالواسطہ طور پر ایکسپریس میڈیا گروپ کے سلطان علی لاکھانی کی ملکیت ہے، دو کروڑ روپے کا نادہندہ اور اپنے میڈیا رابطوں کی وجہ سے کارروائی سے بچتا رہا ہے۔ جب پیمرا حکام نے گرفتار کرنا چاہا تو اس نے لاہور ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر لیا۔ پیر کو جب لاہور ہائی کورٹ نے ریگل اسٹار کے وکلا کو کیس کی افادیت پر دلائل دینے کیلئے کہا تو انہوں نے مقدمہ واپس لے لیا جس سے حکم امتناعی ختم ہو گیا۔ منگل کو پیمرا نے پنجاب پولیس کو اعتماد میں لے کر چھاپا مارنے اور آلات ضبط کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم اچانک ہی ایک سینئر ڈی ایم جی افسر اور وفاقی حکومت کی میڈیا ٹیم کے رکن محی الدین احمد وانی نے کارروائی روکنے کیلئے پیمرا حکام پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا۔ انھوں نے پیمرا اور دیگر حکام سے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ سے حکومت کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں اور لاکھانی جلد وزیراعظم سے ملنے والے ہیں۔ پیمرا حکام کا مؤقف تھا کہ کارروائی روکی نہیں جا سکتی ۔ پیمرا ٹیم نے ڈی ایس پی کاشف جلیل کی قیادت میں پولیس ٹیم کے ساتھ چھاپا مارکر کیبل آپریٹر کے کچھ آلات ضبط کرلیے ،چھاپے کے موقع پر موجود ایس پی ماڈل ٹاؤن سید باقررضا نے ڈی ایس پی کوفوری طورپر ضبط آلات واپس کرنے اورپیمرا حکام کو جلد از جلد واپس چلے جانے کے لیے کہا ۔ اس تمام صورتحال نے پیمرا آپریشن میں شامل تمام افسران کو خطرے میں ڈال دیا ۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایاکہ پیمرا کے کچھ افسران نے چیئرمین پیمرا کو مطلع کیا تھاکہ ایسے بااثر کیبل آپریٹر کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے ، جو پہلے بھی طاقتور افراد کی ملی بھگت سے پیمراکے عملے کو سبق سکھانے میں ملوث ہے۔

مزید خبریں :