03 دسمبر ، 2014
لاہور.......پچیس ایشیائی ملکوں نے ایک دوسرے کے وسائل اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے ، دہشتگردی ،کرپشن اور غربت کے خاتمے کےلیے مل کر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کے اختتامی سیشن میں مشترکہ اعلامیہ پیش کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء جہانگیر بدر نے کہا کہ ایشیائی ممالک ایک دوسرے کے وسائل اورٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے، مذہبی اورنسلی بنیادوں پر کسی کے حقوق سلب نہیں کیے جائیں گے،کرپشن ،دہشتگردی اور غربت کے خاتمے کیلئےاقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کے صدر اور چیئرمین سینیٹ نیر حسین بخاری نے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب ہونگے اورایشیائی ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے مضبوط ہونگے۔ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کے چیئرمین ایگزیکٹو کونسل سینیٹر مشاہد حسین سید کاکہنا تھا کہ ایشیاء کو مزید مضبو ط بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انکا کہنا تھا کہ بھارت خطے کا ایک بڑا ملک ہے، اُسے اسمبلی میں شرکت کرکے ایشیاء کو مضبو ط بنانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہئے تھا۔اجلاس کے آخری روزیورپی یونین کی طرز پر ایشین یونین کی کرنسی جاری کرنےاور ایشین میڈیا فورم بنانے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔