07 دسمبر ، 2014
کراچی........دنیا بھر میں آج شہری ہوا بازی کا دن منایا جارہا ہے ۔ ملک میں بھی شہری ہوا بازی کا ادارہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اس دن کو اپنی سالگرہ کے طور پر مناتاہے ۔ 7 دسمبر 1944 کو انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن، اکائو اوردسمبر 1982 میں اسی تاریخ کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں آیا ۔80 اور90 کی دہائی میں پاکستان نے شہری ہوا بازی کے شعبہ میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں نمایاں ترقی کی۔امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے پانچ براعظموں سے صف اول کی 40ایئرلائنز پاکستان آتی تھیں۔ ایوی ایشن انڈسٹری میں جو مقام آج دبئی ایئرپورٹ کو حاصل ہے پہلے یہی کردار کراچی ایئرپورٹ کا تھا ۔ ڈائریکٹر جنرل سی اے اے کاکہنا ہے کہ پاکستان میں شہری ہوا بازی کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں ۔ دہشت گردی کی اس مایوس کن صورت حال میں بھی سول ایوی ایشن اتھارٹی مستقبل کے روشن امکانات پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔گزشتہ سال سی اے اے نے جدید ترین ایئرٹریفک مینجمنٹ سسٹم نصب کیا ، پاکستان یہ نظام استعمال کرنےو الا خطہ کا پہلا ملک ہے۔ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں جہاں پاکستان میں دیگر شعبوں کی ترقی متاثر ہوئی وہیں شہری ہوا بازی کے شعبہ میں بھی تمام تر مہارت کے باوجود ملک کا نا صرف آگے بڑھنا رک گیا بلکہ اس شعبہ میں پاکستان کئی برس پیچھے چلا گیا ہے۔