08 دسمبر ، 2014
لاہور .....چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے کراؤڈ کو ’’برگر کراؤڈ‘‘ سمجھنے والے تیار رہیں، جو آج فیصل آباد میں ہوا وہ اگر لاہور میں ہوا تو مقابلہ کر کے دکھائیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہناتھا کہ (ن)لیگ کے گلو بٹوں نے تیاری کرکے ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا،مسلح شخص گولیاں چلا رہا تھا، پولیس دیکھتی رہی،فیصل آباد جارہاہوں اورپولیس اسٹیشن جاکرایف آئی آردرج کراؤں گا۔ ن لیگ ڈکٹیٹر کی پیداوار ہے،کسی کوشک نہیں ہونا چاہیے کہ پُرامن احتجاج پاکستانیوں کا حق ہے،پُرامن احتجاج کو تحفظ دینا حکومت کی ذمے داری ہے ،ہم نے کہا تھا کہ ہم سڑکیں بند کریں گے ،رانا ثناءاللہ نے پہلے ہی کہ دیا تھا کہ ہم دیکھ لیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ احتجاج کو روکنا شریف برادران کی پرانی عادت ہے،ماڈل ٹائون میں لوگوں کا قتل اور گجرانوالہ میں ہمارے کارکنوں پر فائرنگ اور فیصل آباد میں غنڈوںکا پولیس کی حفاظت میں حملہ کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم پر امن ہیں تو یہ مطلب نہیں کہ مقابلہ نہیں کرسکتے،ہمارا جرم یہ ہے کہ ہم انصاف مانگ رہے ہیں،ہم کہہ رہے ہیں کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ان کا مزید کہناتھا کہ دھاندلی کے ثبوت تھیلوں میں پڑے ہیں، سچ سامنے آ جائے گا،پلان سی پریشر بڑھانے کے لیے دیا،ہمارے ساتھ طے کی گئیں باتوں کو مانا جائے۔