پاکستان
12 دسمبر ، 2014

پنجاب اور کراچی میں کارکنوں کو چن چن کر ماراجارہا ہے،رہنما ایم کیو ایم

پنجاب اور کراچی میں کارکنوں کو چن چن کر ماراجارہا ہے،رہنما ایم کیو ایم

کراچی........متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماغازی صلاح الدین کہتے ہیں کہ صوبہ پنجاب اور کراچی میں کارکنوں کو چن چن کر مارا جا رہا ہے، کراچی کا چنیسر گوٹھ بھی لیاری بن چکا ہے، صورتحال بہتر نہ ہوئی تو متحدہ پر امن احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غازی صلاح الدین کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں باؤ انور کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا، ایم کیو ایم مضافاتی کمیٹی کے رکن کو بھی گزشتہ روز چنیسرگوٹھ کراچی میں فائرنگ کر کے مار دیا گیا، واقعے میں فائرنگ سے 8سال کے بچے سمیت 3افراد زخمی بھی ہوئے، چنیسر گوٹھ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی، یہ اس علاقے میں دہشت گردی کا پہلا واقعہ نہیں ہے، ایک طرف آپریشن کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے۔ غازی صلاح الدین نے کہا کہ جب جرائم پیشہ عناصرکی سرپرستی کی جائے گی تو امن و امان کیسے قائم ہوگا، چنیسر گوٹھ جرائم کا گڑھ ہے اور دوسرا لیاری بن چکا ہے، ان جرائم پیشہ عناصر کو کبھی گرفتار بھی نہیں کیا گیا، دوسری جانب چنیسر گوٹھ میں کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم کی جانب سے وزیراعظم، وزیرداخلہ، گورنرسندھ اور وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ چنیسرگوٹھ میں منشیات فروش جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ غازی صلاح الدین نے مزید کہا کہ کراچی آپریشن کیلئے سب سے پہلے الطاف حسین نے مطالبہ کیا تھا، ایم کیو ایم کو ہر دور میں نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، کہا گیا کہ رینجرز بھی فوج کا حصہ ہے تو وہ حصہ لے، متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی جماعت صرف ایم کیو ایم ہے، وڈیروں، جاگیرداروں نے ہمیشہ ایم کیو ایم کے پیغام کوروکنے کی کوشش کی، وزیراعلیٰ کی تبدیلی سےمسائل حل ہوں تویہ مطالبہ رکھ سکتے ہیں۔

مزید خبریں :