13 دسمبر ، 2014
لندن .....متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ٹی وی چینلز کے نمائندوں اور خصوصا خواتین صحافیوں کو ہراساں کر نے کا تحریک انصاف کی قیادت کو نوٹس لینا چا ہیے ۔اے این پی ولی گروپ کی رہنما بیگم نسیم ولی خان نے بھی جیوٹیم پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔لندن سے جاری بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے میڈیا پر حملے پر افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ یہ آزادی صحافت کے اصولوں کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اس افسوسناک واقعےکا نوٹس لے اور اپنی صفوں سے ایسے لوگ نکال باہر کرے جو پارٹی کی بدنامی کا باعث ہیں۔ اے این پی ولی گروپ کی رہنما بیگم نسیم ولی خان نے بھی ایک بیان میں جیو ٹیم پر پی ٹی آئی کارکنوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت پرحملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا۔