14 دسمبر ، 2014
ٹوکیو.....جاپان میں پارلیمانی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے، وزیر اعظم شنزوایبے کی اتحادی جماعتوں کی کامیابی کے واضح امکانات ہیں۔جاپان کے ایوان زیریں کی 475نشستوں کیلئے ہونیوالے انتخابات میں ایک ہزار 91امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔سروے پولز کے مطابق وزیر اعظم شنزوایبےکی حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتیں باآسانی 300نشستیں حاصل کرلے گی ۔اس سے قبل انتخابی مہم کے آخری روز شنزوایبے کا کہناتھا کہ ان کے پاس معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے کا بہترین منصوبہ ہے،جس سے جاپان میں معاشی استحکام آئیگااور مزید نوکریاں نکلیں گی۔معاشی سست روی اور بے روزگاری بڑھنے کی وجہ سے شنزابیے کو شدید تنقید کا سامنا ہے جس کے بعد انہوں نے پارلیمنٹ تحلیل کرکے وقت سے دو سال پہلے ہی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔