16 دسمبر ، 2014
پشاور.........پشاور میں وارسک روڈ پر ایک اسکول میں دہشت گرد داخل ہو ئے ۔ جہاں سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے مابین فائرنگ سے شہیدہونے والوں کی تعداد21ہوگئی۔وزیرصحت خیبرپختونخواشہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ حملے میں شہیدہونے والوں کی تعداد18 ہوگئی۔حملے میں 16 بچے،ایک ٹیچر اور چوکیدار شہید ہوئے ، حملے میں 36 افراد زخمی ہوئے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسکول حملے میں 20 طلبہ اور ایک سیکیورٹی اہل کار شہیدہوئے ہیں۔فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ پولیس کے مطابق 6سے 7 دہشت گرد وارسک روڈ میں واقع ایک اسکول میں داخل ہوئے اور بچوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے۔ پولیس نے اسکول جانے والے راستوں کو سیل کر دیا ہے۔ جبکہ پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں روانہ اسکول کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اور متعدد طلباء اور اساتذہ کو سکول سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ا سکول کے اندر سے دو دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں ۔ ادھر ترجمان کالعدم تحریک طالبان محمد خراسانی نے جیو نیوز کو بتایا کہ ہمارے چھ خودکش ساتھی اندر داخل ہوئے ہیں۔ اور یہ حملہ قیدی ساتھیوں کے قتل عام کے خلاف ردعمل ہے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ کے مطابق 12بچوں سمیت 14 افراد کی لاشیں اسپتال لائی گئی ہیں۔ جبکہ34 زخمی طالب علموں کو بھی اسپتال لایا گیا ہے۔ جنھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ خیبر پختونخوا حکومت سے بھی صبح سے رابطے میں ہیں، اسکول واقعے پر وزارت تمام متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔