پاکستان
16 دسمبر ، 2014

پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشتگردحملہ،126 افراد شہید

پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشتگردحملہ،126 افراد  شہید

پشاور.....پشاور میں دہشت گردوں کا ورسک روڈ پر واقع آرمی پبلک اسکول پر حملے کے نتیجہ میں 126 بچے اور دیگر افراد شہید ہو گئے جبکہ واقعے میں 100 سے زائد زخمی بھی ہوئے۔ سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔زخمیوں میں 42 کی حالت نازک ہے،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ سیکورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہو ئے 4دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، آپریشن اب بھی جا ری ہے ۔. تحریک طالبان پاکستان نےپشاور میںا سکول پر حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے،ترجمان تحریک طالبان پاکستان کا کہنا ہے کہ ہدف اسکول کے بچے تھے۔پاک فوج کے تر جمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق اسکول میں فوجی دستوں کا ریسکیو آپریشن جاری ہےاور دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ورسک روڈ پر بہار کالونی کے قریب اسکول پر 6سے زائد مسلح افرادنے پہلے اپنی گاڑی کو آگ لگائی اور اسکول میں داخل ہو گئے،بچوں پر براہ راست گولیاں چلائیںاورکچھ بچوںکو یرغمال بنالیا ، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری طور پر کارروائی شروع کی گئی اور 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا،اور کچھ بچوں کودہشت گردوںسے بازیاب کرایا ،زخمی اور جاںبحق ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ۔اس دوران اسکول کی عمارت میں دو دھماکے بھی سنے گئے،دہشت گرد اب بھی اسکول کی عمارت میں موجود ہیں اور آپریشن کی کارروائی جا ری ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کوئٹہ کا دورہ مختصر کرکے پشاور روانہ ہو گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم پہلے ہی پشاور کےلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوانے سانحے پر تین روز ہ سوگ کا بھی اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :