26 اپریل ، 2012
اسلام آباد… توہین عدالت کیس میں وزیراعظم گیلانی کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ عدالت جو بھی فیصلہ کر ے اس پر عمل ہوگا۔ سپریم کورٹ روانگی سے قبل میڈیا سے مختصر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمارا کیس ٹھوس ہے، اگر سزا ہوئی تو وزیر اعظم خندہ پیشانی سے قبول کرینگے، سزا دینا یا بری کرنا عدلیہ کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عدالتی فیصلے کے نتیجے میں خط لکھا جاتا ہے تو اس بات پر افسوس ہوگا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہوگا جس نے اپنے صدر کو غیر ملکی مجسٹریٹ کے سامنے سرنگوں کیا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عدالت کے سامنے یہ آپشن بھی ہے کہ وہ ایک سخت فیصلہ کرے لیکن عمل کے لئے پارلیمنٹ کو بھیج دے۔