19 دسمبر ، 2014
فیصل آباد.......جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) اور سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف پر حملے میں ملوث مجرمان عقیل عرف ڈاکٹر عثمان اور ارشد محمود کو رات 9بجے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں پھانسی دے دی گئی ہے۔ اس سے قبل مجرمان کے ڈیتھ وارنٹ موصول ہوتے ہی پھانسی دینےکےلیے عقیل عرف ڈاکٹر عثمان اور ارشد محمودکو سینٹرل جیل فیصل آباد سے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد منتقل کیا گیا تھا، جہاں دونوں قیدیوں کےآخری بیانات ریکارڈکیئےگئے اور ڈاکٹروں نے مجرمان کا طبی معائنہ مکمل کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مجرمان سے ان کے اہل خانہ نے آج آخری ملاقات بھی کی،جس کے دوران ڈاکٹر عثمان نے اپنی وصیت اپنے بھائی کے حوالے کی۔ پھانسی دینے کے بعد ڈاکٹروں نے مجرمان کی موت کی تصدیق کردی۔ ڈاکٹر عثمان کی میت ان کے بھائی وصول کریں گے۔واضح رہے کہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 133بچوں سمیت 142افراد کی شہادت کے واقعے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس میں متفقہ طور پر دہشت گردی کے سزائے موت کے منتظر قیدیوں کو جلد از جلد پھانسی دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ گزشتہ شب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت سنائے پانے والے 6مجرمان کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کردیئے تھے جن میں سے دو کو آج رات پھانسی دے دی گئی۔ ملک میں پہلی بار سزائے موت کے مجرموں کو رات میں پھانسی دی گئی ہے، عام طور پر مجرمان کو فجر میں سزائے موت دی جاتی رہی ہے۔