21 دسمبر ، 2014
فیصل آباد......ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں پھانسی کی سزاپانے والے چارمجرموں کو تختہ دار پرلٹکادیاگیا۔چاروں مجرم سابق جنرل پرویزمشرف حملہ کیس میں ملوث تھے۔فیصل آباد سینٹرل جیل میں دہشت گردی کے الزام میں قید سزائے موت کے منتظراخلاص احمد عرف روسی ،محمود عرف ٹیپو،غلام سرور اورزبیراحمد کو آج سہ پہر تختہ دارپر لٹکادیاگیا۔چاروں مجرموں کو سابق صدر پرویزمشرف حملہ کیس میں فوجی عدالت سزائے موت سناچکی تھی جس کے بعد انہیں فیصل آبادسینٹرل جیل کے ہائی سیکورٹی بیرکس میں قید رکھا گیا ۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے ڈتھ وارنٹ جاری ہونے کے بعد ان مجرموں کو ہفتہ کی رات پھانسی دینے کے لئے سینٹرل جیل سے ڈسٹرکٹ جیل منتقل کیاگیا لیکن دھند کی وجہ سے ورثاء آخری ملاقات کے لئے نہ پہنچ سکے اوریوں پھانسی کا وقت تبدیل کردیاگیا ۔آج صبح ایک بجے کے قریب چاروں مجرموں کے ورثاء ڈسٹرکٹ جیل پہنچے جہاں ضابطہ کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے آخری ملاقات کرائی گئی جس کے بعد طبی معائنہ ہوا اورآخری وصیت لینے کے بعد چاروں قیدیوں کو پھانسی پر لٹکادیاگیا۔پھانسی کا عمل مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کرنے کے لئے قانونی تقاضے پورے کئے جارہےہیں۔سزاپانے والے دہشتگردوں میں راشد عرف ٹیپو اورغلام سرور کا تعلق راولپنڈی جبکہ اخلاص احمد روسی کا ہری پوراورزبیر کا تعلق لودھراں سے ہے۔اس سے قبل جمعے کو ڈاکڑ عثمان کو جی ایچ کیو پر حملے کے جرم میں اور ارشد محمود کو پرویز مشرف پر حملے کے جرم میں پھانسی دی جاچکی ہے،اس طرح مشرف حملہ کیس کے پانچ مجرمان کوتختہ دارپرلٹکادیاگیاہے۔