پاکستان
26 اپریل ، 2012

حسین حقانی کی جان کو خطرے میں نہ ڈالا جائے،زاہد بخاری

 حسین حقانی کی جان کو خطرے میں نہ ڈالا جائے،زاہد بخاری

اسلام آباد…میموگیٹ کے تحقیقاتی کمیشن کو سابق سفیر حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری نے اپنے موکل کی جائیداد تفصیل پیش کرتے ہوئے بتایاہے کہ انکا صرف ڈیڑھ لاکھ روپے والا ایک بینک اکاوٴنٹ ہے، زاہدبخاری نے کہاہے کہ حقانی پاکستان آکر مرنا نہیں چاہتے ،ان کو ایجنسیوں سے خطرات لاحق ہیں۔میموکمیشن کا اجلاس ، جسٹس فائز عیسیٰ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، زاہدبخاری نے حسین حقانی کا ویڈیو لنک بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست پر دلائل دیئے اور کہاکہ سپریم کورٹ نے ویڈیولنک بیان ریکارڈ نہ کرنے کی پابندی نہیں لگائی،حقانی اپنی بیماری اور جان کو لاحق خطرات کی وجہ سے نہیں آسکتے، حقانی کا بیان انتہائی اہم ہے اسے واشنگٹن سے ریکارڈ کرلیا جائے۔حقانی واپس آئے تو ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔حسین حقانی ، واشنگٹن میں زیر علاج ہیں انہیں انٹرنیٹ پر دھمکیاں دی گئی ہیں،ان کو بھگوڑا کہا جارہا ہے،حقانی کو ٹویٹر پیغام ملا کہ ” لٹکا دو سالے کو“ ،انہیں برطانیہ اور دیگر جگہوں سے دھمکیاں ملی ہیں ،اس کے جواب میں جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ تو اس پیغام میں غلط کیا ہے،ایسی بات ہے تو حقانی ، ٹویٹر استعمال نہ کریں۔ زاہد بخاری نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز نے حقانی کو طویل سفر سے بھی منع کیا ہے، جبکہ کہ حکومت تو بینظیربھٹو کو بھی سکیورٹی فراہم نہیں کر سکی تھی،حکومت تو اپنے گورنر کو بچا نہیں سکی تھی اپنی جان کو کس طرح خطرے میں ڈالا جا سکتا ہے۔جسٹس عیسیٰ فائز نے کہا کہ اس طرح تو کہا جاسکتا ہے کہ امریکی حکومت اپنے صدر جان ایف کینڈی کو بھی تحفظ فراہم نہیں کر سکی تھی ؟کیا آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ حکومت نالائق ہے؟ حقانی کا منصوراعجاز سے موازنہ نہ کریں،یہاں عالمی کانفرنس میں دنیا بھر سے ججز آئے، کسی نے سکیورٹی کا شکوہ نہیں کیا،آپ کے موکل حسین حقانی کو کوئی تحفظات ہیں تو واضح طور پر حکومت پر عدم اعتماد ظاہر کریں۔ زاہدبخاری نے کہاکہ یہ کیس ، ڈی جی آئی ایس آئی کے کہنے پر شروع ہوا، ایجنسیوں سے خطرہ ہے، ان سے سکیورٹی کیسے حاصل کریں ۔کمیشن نے سوال کیا کہ جب آئی ایس آئی چیف یہاں آئے تو ان سے کیوں نہیں کہا؟ جس کے جواب میں زاہدبخاری نے کہاکہ میرا موکل مرنا نہیں چاہتا، بیان دینا چاہتا ہے،گزارش ہے کہ حسین حقانی کی جان کو خطرے میں نہ ڈالا جائے۔مخالف وکیل اکرم شیخ نے کہاکہ حسین حقانی کو یہاں آنے پر کوئی خطرہ نہیں ، گرفتاری کے وارنٹ جاری کرکے حسین حقانی کو پاکستان بلوایا جائے۔

مزید خبریں :