26 اپریل ، 2012
کراچی…جیالے جب اپنوں کو نوازتے ہیں تو کسی کی پروا کیئے بغیرکرتے ہیں ،ایسا ہی کیا کچھ حکومت سندھ کی نوازشیں سینئر وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کی اہلیہ کو ایڈیشنل سیکریٹری اکیڈمک تعینات کرکے کیا گیا ہے ۔لیاری ڈگری گرلز کالج کی سابقہ پرنسپل پروین نظیر سومرو کو چار سال قبل کیا خبر تھی کہ جس غیر حاضر ٹیچر کے خلاف وہ شکایت کرنے جارہی ہیں وہ ایک دن سندھ کے محکمہ تعلیم کی ملکہ بن جائیں گی۔ شہناز مظہرکا میرٹ محکمہ تعلیم کے بادشاہ پیر مظہر الحق کی اہلیہ ہونا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر وزیر تعلیم پیر مظہر الحق نے چار سال قبل پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہونے کی اور محکمہ تعلیم کا قلمدان ملنے کے بعد اپنی اہلیہ شہناز مظہر جن کے خلاف غیر حاضری کی شکایت کی گئی تھی ان کو آؤٹ آف ٹرن انیس گریڈ میں ترقی دیدی اور ان کو پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں ویلفیئر اتاشی مقرر کردیا گیا، لیکن دوسری جانب ایک فرض شناس پرنسپل پروین نظیر سومرو کو ان کی فرض شناسی کی سز ا مل گئی اور ان کا تبادلہ نوابشاہ کردیا گیا لیکن وہ محکمہ کی انتقامی کارروائی برداشت نہ کرسکیں اور انہوں نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی۔ شہناز مظہر کی ترقی کا سفر جاری رہا اور اب ان کو وزیر تعلیم کے گھر کے ساتھ ساتھ محکمہ تعلیم کی بھی مالکن بنادیا گیا ہے ،حکومت سندھ نے شہناز مظہر کو ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم سندھ مقرر کردیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔