29 دسمبر ، 2014
نیویارک .........آن لائن مووی ریلیز کی دوڑ میں ہالی وڈ کی متنازع فلم ’’دی انٹرویو‘‘ سب کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔ فلم پہلے 4دنوں میں ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر اپنے نام کرچکی ہے۔ فلم ’’دی انٹرویو‘‘ کو دھمکیوں کے بعد سینماؤں میں ریلیز نہیں کیا جاسکا۔ فلم بنانے والی کمپنی سونی پر سائبر حملہ کیا گیا تھا۔ جس سے اس کی ویب سائٹ کئی گھنٹوں کیلئے معطل رہی۔ دھمکیوں کے بعد سونی کمپنی نے فلم کو 24 دسمبر کو آن لائن ریلیز کیا۔ جس کے بعد سے فلم اب تک ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر کماچکی ہے اور یو ٹیوب سے 20 لاکھ سے زائد دفعہ اسے ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے ۔فلم ’’دی انٹرویو‘‘ ایک تصوراتی کہانی ہے۔ جس میں شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ کو قتل کرنے کی امریکی سازش کو دکھایا گیا ہے۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ سونی کمپنی پر سائبر حملے کے پیچھے شمالی کوریا کا ہاتھ تھا۔