پاکستان
27 اپریل ، 2012

اسپیکر کے علاوہ کوئی مجھے نا اہل نہیں کرسکتا، گیلانی

اسپیکر کے علاوہ کوئی مجھے نا اہل نہیں کرسکتا، گیلانی

اسلام ا ٓباد… وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ عدالت سے سزا یافتہ ہونے کے بعد بھی انہیں ہٹانے کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے اور یہ فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی عدالت میں ہوگا، وزیراعظم نے مسلم لیگ نون کو تحریک عدم اعتماد لاکر دکھانے کا چیلنج بھی دے دیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے سزا ملنے کے بعد وزیراعظم گیلانی آج پہلی بار قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے تو اپوزیشن لیڈر چودھری نثار ، وہاں موجود نہیں تھے، حکومتی اور اتحادی ارکان نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیاجبکہ مسلم لیگ نون کے اراکین اٹھ کر چلے گئے۔ وزیراعظم نے خطاب میں کہاکہ کل کے عدالتی فیصلے کے بعد بہت سے اختلافی امور سامنے آئے ہیں، حکومت کو جمہوریت کا درس دینے والے ، حکومت کا جمہوری رویہ بھی دیکھ لیں،عدالتی فیصلے سے ایک دن پہلے چودھری نثار نے تو میرے لئے نیک خواہشات ظاہر کی تھیں، وزیراعظم نے کہاکہ جو بھی فیصلے ہوجائیں، وہ پارلیمنٹ میں آنا ہیں، مجھے ہٹانے کا فیصلہ ، اسپیکر اسمبلی نے ڈاک خانے کا کام نہیں کرنا بلکہ اپنی عدالت لگا کر فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تو آئین کا تحفظ کرنے کا جرم کیا، اپنی وجہ سے سارا نظام ختم نہیں ہونے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں ترامیم کے وقت کسی ایک رکن نے بھی صدر کو استثنی ختم کرنے کا نہیں کہا، مفاہمت کی پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم نے اس حکومت کو گرانا ہوتا تو گرالیتے ۔ شریف برادران کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایک بھائی کہتا ہے کہ وہ صدر کو نہیں اور دوسرا کہتا ہے کہ وہ وزیراعظم کو نہیں مانتا، جبکہ تمام مسلم لیگ ن کہتی ہے کہ وہ عمران خان کو نہیں مانتی۔ اس موقع پر انہوں نے مسلم لیگ ن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لاکر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور جنرل کیانی جمہوریت کے حامی ہیں۔
Last Updated 12:20 pm

مزید خبریں :