02 جنوری ، 2015
نئی دہلی .....بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی ساحل کے قریب ایک مشکوک کشتی دھماکے سے تباہ ہو گئی۔ بھارت کے مطابق ماہی گیروں کی کشتی کراچی کے قریب کیٹی بندر سے آئی، اس میں 4 افراد سوار تھے، جنہوں نے کوسٹ گارڈ کے تعاقب پر کشتی کو اڑا دیا۔ بھارت کے مطابق بھارت کی سمندری حدود کے قریب اس کشتی پر نظر رکھی جا رہی تھی۔ بھارتی وزارت دفاع کے مطابق31 دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی شب انٹیلی جنس اطلاعات پر پاک بھارت سمندری سرحد کے قریب ایک آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں بھارتی کوسٹ گارڈز اور ایرکرافٹ نے حصہ لیا۔ کوسٹ گارڈز نے پوربندر کے بھارتی ساحل سے 350 کلومیٹر دور ایک ایسی کشتی کو روکا، جس میں کوئی روشنی نہیں جل رہی تھی۔ کوسٹ گارڈز نے کشتی کو وارننگ دی جس پر کشتی نے اپنی رفتار بڑھا دی۔ ایک گھنٹے کے تعاقب کے بعد بھارتی کوسٹ گارڈز کشتی کو روکنے میں کامیاب ہو گئے۔ کشتی میں 4 افراد سوار تھے جنہیں بھارتی اہل کاروں نے تفتیش میں تعاون کرنے کو کہا، اس پر وہ افراد کشتی کے نچلے حصے میں گئے اور کشتی میں آگ لگا دی جس کے کچھ دیر بعد کشتی دھماکے سے تباہ ہو گئی۔