05 جنوری ، 2015
سکھر ............سکھر سینٹرل جیل ون میں سزائے موت کے منتظر 3قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ جیل حکام کو موصول ہوگئے۔3 قیدیوں کو 13 جنوری کی صبح ساڑھے 6 بجے پھانسی دی جائے گی۔ مجرموں نے 2001 میں منسٹری آف ڈیفنس کے ڈائریکٹر سید ظفر حسین شاہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ جیل ذرائع کے مطابق سزائے موت پانے والے 3قیدیوں محمد شاہد حنیف، محمد طلحہ حسین اور خلیل احمد کا کالعدم تنظیم سے ہے۔ 3 مجرمان نے 2001 میں تھانہ گلبہار کراچی کی حدود میں منسٹری آف ڈیفنس کے ڈائریکٹر سید ظفر حسین شاہ کو اس وقت فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جب وہ اپنے گھر سے دفتر جارہے تھے۔ 3مجرموں کیخلاف کراچی کے تھانہ گلبہار میں 67/ 2001 کا مقدمہ درج ہے جس میں دہشت گردی کی دفعہ 7اے ٹی اے، دفعہ 302 اور 34 پی پی سی شامل ہیں۔ مجرموں کو سیکورٹی خدشات کے باعث کراچی سے سینٹرل جیل سکھر منتقل کردیا گیا تھا جہاں انہیں 13جنوری کی صبح ساڑھے 6 بجے سینٹرل جیل ون میں پھانسی دی جائے گی۔