پاکستان
27 اپریل ، 2012

ن لیگ کا حکومت کیخلاف اعلان جنگ، ہر سطح پر احتجاج کرینگے، نواز شریف

ن لیگ کا حکومت کیخلاف اعلان جنگ، ہر سطح پر احتجاج کرینگے، نواز شریف

لاہور … نواز شریف نے حکومت کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا عہدہ ختم ہوچکا، وزیراعظم نے عہدہ نہ چھوڑا تو ہر سطح پر احتجاج کریں گے، ان کا کہنا ہے کہ عدالت سے مجرم قرار پانے کے بعد سے وزیراعظم اور کابینہ کے عہدے ختم ہوگئے، یوسف رضاگیلانی وزیراعظم کے عہدے پر ناجائز قبضہ چھوڑ دیں، وزیراعظم نے عہدہ نہ چھوڑا تو انہیں ناقابل توقع حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، گیلانی استعفیٰ دیں، پیپلزپارٹی یا کوئی اور جماعت اپنا وزیراعظم لے آئیں۔لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سے اب تک پاکستان بغیر حکومت کے چل رہا ہے، گیلانی اور ان کے کسی وزیر کے کسی اقدام کی کوئی آئینی حیثیت نہیں، سزا کے بعد سے اس حکومت کے تمام احکامات غیر آئینی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی جیسے لوگوں کو سزا ملنی چاہئے، سپریم کورٹ نے انہیں پانچ سال کیلئے نااہل قرار دیا ہے، گیلانی سپریم کورٹ کا حکم مانیں اور سوئس حکومت کو خط لکھیں۔ سربراہ ن لیگ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ملک سے وفاداری کا حلف اٹھایا تھا، کسی فرد واحد سے وفاداری کا نہیں، یوسف رضا گیلانی کی حکومت اور کابینہ ختم ہوچکی، گیلانی استعفیٰ دیں، پیپلزپارٹی یا کوئی اور جماعت اپنا وزیراعظم لے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے من مانی کی تو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عدلیہ کی بالادستی کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے، مسلم لیگ ن کے پاس احتجاج اور لانگ مارچ سمیت تمام آپشن موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر زرداری کتنے وزیراعظم قربان کریں گے، موجودہ ملکی حالات کے ذمہ دار صدر آصف علی زرداری ہیں، لوٹی ہوئی دولت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا،پورے ملک کو 6 کروڑ ڈالر کی کرپشن کی بھینٹ چڑھادیا گیا ہے، جو کچھ حکومت چاہ رہی ہے اگر اسے کرنے دیں تو ہمیں سیاست کرنے کا حق نہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو دعوت دیتا ہوں کہ تیار ہوجائیں تبدیلی کا وقت آگیا، ہمیں چاہئے کہ عدلیہ اور دیگر اداروں کے تحفظ کیلئے باہر نکلیں، اس صورتحال پر تمام دوستوں اور تعلقات کو چھوڑ سکتا ہوں۔ سربراہ ن لیگ نے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال پرآج ہنگامی اجلاس بلاکرمشاورت کی گئی،اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مختلف پہلووٴں پر غور کیا گیا، پیر کو اسلام آباد میں (ن) لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوگا جس میں مزید مشاورت کی جائے گی۔

مزید خبریں :