کھیل
25 جنوری ، 2012

ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ

ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ

ابوظہبی…پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف ٹاس کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان نے اس ٹیسٹ کیلئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور فاسٹ بالر اعزاز چیمہ کی جگہ جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دبئی میں پہلے ٹیسٹ میں10 وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنے والی انگلینڈ ٹیم کواس ٹیسٹ میں ایک اور آزمائش سے گزرنا ہوگا۔ کپتان مصباح الحق نے حریف ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ شیخ زید اسٹیڈیم کی وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار ہے، اس وکٹ پر فیلڈنگ اور بولنگ ٹیم کے لئے20 وکٹیں حاصل کرنا آسان کام نہیں ہوگا۔ اس پچ پر کامیابیاں حاصل کرنا بولرز کی اہلیت کے لئے امتحان ثابت ہوگا۔ پہلے ٹیسٹ میں دنیا کی نمبر1 ٹیم کو تین دن میں خاک چٹانے والی پاکستان ٹیم کو سیریز میں1-0 کی برتری حاصل ہے۔ شیخ زید اسٹیڈیم پر اب تک ہونے والے دونوں ٹیسٹ غیر فیصلہ کن رہے ہیں جن میں دو سنچریاں، 3 ڈبل سنچریاں اسکور کرنا اس جانب اشارہ ہے کہ وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار ہے۔ انگلش کپتان اینڈریو اسٹراس پرعزم ہیں کہ ان کی ٹیم سیریز میں واپس آئے گی۔پاکستان کے کپتان مصباح الحق اور ان کے حریف کپتان اینڈریو اسٹراس نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس وکٹ پر بولروں کو سر دھڑ کی بازی لگانا ہوگی۔ مصباح الحق نے کہاکہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی سعید اجمل ہمارا ٹرمپ کارڈ ہوگا پہلے میچ میں10 وکٹیں حاصل کرکے وہ اچھی فارم میں ہے۔ سعید اجمل نے انگلینڈ پر جو دباؤ رکھا ہم اسے برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔بولروں کو نظم و ضبط دکھانا ہوگا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ2009ء سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہارا ، جبکہ پاکستان بھی مصباح کی قیادت میں اکتوبر2010ء سے ٹیسٹ سیریزمیں ناقابل شکست ہے۔

مزید خبریں :