28 اپریل ، 2012
جارجیا …امریکی صدر بارک اوباما نے انتخابات میں کامیابی کیلئے اسامہ کارڈ کا بھرپور استعمال شروع کردیا ۔صدر بارک اوباما اپنی انتخابی مہم کے دوران امریکی ریاست جارجیا میں فوجی اڈے فورٹ اسٹیورٹ گئے، جہاں اپنی تقریر کے دوران انہوں نے امریکی فوجیوں اور اسپیشل فورسز کی کامیابیوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر اوباما نے کہا کہ آئندہ نسلیں تھرڈ انفنٹری ڈویڑن کے کارناموں کا تذکرہ کریں گی، جو انہوں نے عراق اور افغانستان میں انجام دیئے۔ انہوں نے اسامہ بن لادن کا نام لیے بغیر کہا کہ اسپیشل فورسز نے القاعدہ کے خلاف جنگ کرکے اسے شکست دی۔ انتخابی مہم کے دوران ڈیموکریٹ پارٹی اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے حوالے سے ایک وڈیو بھی سامنے لائی ہے۔وڈیو میں سابق صدر بل کلنٹن کو صدراوباما کی تعریف کرتے ہوئے دکھایا ہے جس میں اسامہ بن لادن کے کمپاوٴنڈ پر حملے کا حکم دینے کی تعریف کی گئی ہے۔ فوجی اڈے پر دس ہزار فوجیوں ، ان کے اہلخانہ اور سابق فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنے حریف میٹ رومنی کے اس بیان پر بھی تنقید کی کہ جس میں انہوں نے کہا کہ تھاکہ وہ ایک آدمی کی تلاش پر اربوں ڈالر خرچ نہیں کریں گے۔