دنیا
11 جنوری ، 2015

بارسلونا میںپاکستانی کمیونٹی کا مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجراء کا مطالبہ

 بارسلونا میںپاکستانی کمیونٹی کا مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجراء کا مطالبہ

بارسلونا......شفقت علی رضا.......ا سپین بھرمیں مقیم پاکستانیوں کی کل تعداد کا 70فیصد بارسلونا اور اس کے گرد و نواح میں آباد ہے ۔پاکستان سے پی آئی اے کی ڈائریکٹ فلائٹ بھی بارسلونا کے لئے پاکستانیوں کی زیادہ تعداد کی وجہ سے ہی چلائی گئی ۔بارسلونا میں مقیم پاکستانی اپنے پاسپورٹ اور دوسرے کاغذات کی تصدیق کے لئے سفارت خانہ پاکستان میڈریڈ جاتے تھے 9گھنٹے کی مسافت اور وقت کے ضیاع کو دیکھتے ہوئے حکومت پاکستان کی جانب سے سات سال قبل بارسلونا میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کا قیام وجود میں آیا ۔ چار ماہ پہلے سفارت خانہ پاکستان میڈریڈ میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجراء شروع ہوا تو اہل بارسلونا کو قوی یقین ہو گیا کہ اب جلد ہی بارسلونا میں بھی یہ سہولت میسر ہو گی کیونکہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی مکمل مشینری قونصلیٹ آفس میں کافی مہینوں سے نصب ہے اب انتظار ہے تو پاسپورٹ مشین ایکسپرٹس کا جسے اپنی تعیناتی کے احکامات لے کر بارسلونا پہنچنا ہے ۔ پاسپورٹ کا محکمہ وزارت داخلہ کے زیر انتظام ہے جبکہ فارن منسٹری چاہتی ہے کہ ان کا بندہ بطور مشین ایکسپرٹ بارسلونا تعینات ہو دونوں وزارتوں کی اس اندرونی کشمکش میں پاکستانی کمیونٹی2014 میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس نہ ہونے کی وجہ سے حج کی سعادت سے محروم رہی اور اسی وجہ سے بزنس کمیونٹی دوبئی میں اپنا کاروبار بڑھانے کے لئے مینول پاسپورٹ پر ویزہ حاصل نہیں کر سکتی ۔ان گھمبیر مسائل کے باوجود ابھی تک بارسلونا قونصلیٹ آفس میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجراء ممکن نہیں ہوا ۔قونصل جنرل بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کچھ ماہ پہلے کہا تھاکہ ہم نے اسلام آباد میں ڈی جی پاسپورٹ سے بات کی ہے انہوں نے کہا ہے کہ جلد ہی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ایکسپرٹ بارسلونا پہنچ جائے گا ۔ دوسری جانب انٹرنیشنل ایئر لائن قوانین بنانے والے ادارے نے وارننگ دے رکھی ہے کہ مینول پاسپورٹ پر 24 نومبر 2015 تک ہی سفر کیا جا سکے گا اس کے بعد صرف وہ شخص سفر کر سکے گا جس کے پاس مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ہوگا ۔قونصلیٹ بارسلونا میں 24نومبر 2015 تک کار آمد 16 ہزار مینول پاسپورٹ اشو کئے جا چکے ہیں جو ایک ہی دن ختم ہونگے اور ان کی جگہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کس طرح ’’اشو ‘‘کئے جائیں گے اس سوال کا جواب قونصلیٹ آفس کے پاس نہیں ۔ پاکستانی کمیونٹی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بارسلونا میں مقیم 60 سے 70ہزار پاکستانیوں کو مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اشو کئے جانے کا فوری انتظام کیا جائے ۔

مزید خبریں :