14 جنوری ، 2015
ڈیلس ......راجہ زاہد اختر خانزادہ...... پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے سالانہ انتخابات میں ندیم زمان سوسائٹی کے صدر‘ سلمان تابانی نائب صدر‘ علی فاروق جنرل سیکرٹری اور امیر مکھانی سیکرٹری فنانس منتخب ہو گئے۔ اس ضمن میں نئی کابینہ سے تقریب حلف برداری کے سلسلے میں ایک تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی، جس میں پاکستان سوسائٹی کے رہنماؤں برکت بسریا‘ سابق صدر انجم انور سمیت مقامی عمائدین شہر نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق صدر انجم انور نے خطاب کرتے ہوئے اپنی سبکدوش ہونے والی کابینہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ۔انہوں نے کہاکہ اپنے عہدۂ صدارت کے دوران کمیونٹی انہوں نےکی بھرپور طریقے سے خدمت کی اور اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کئی فلاحی کام سرانجام دئیے۔ اس موقع پر نومنتخب صدر ندیم زمان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ کمیونٹی کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ان کے ذہن میں کافی پروگرام ہیں ،جن کو وہ اپنے عرصہ میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ بلاامتیاز و تفریق خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ان کی بھرپور کوشش ہو گی کہ اجتماعی مسائل کے حل پر توجہ دی جائے اور پاکستان سوسائٹی کو مزید سرگرم کیا جائے۔ اس موقع پر پاکستان سوسائٹی کے روح رواں برکت بسریا نے آنے والی کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ کمیونٹی کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والی صدر انجم انور نے نومنتخب صدر ندیم زمان سے حلف لیا جبکہ نومنتخب صدر ندیم زمان نے اپنی کابینہ جس میں نائب صدر سلمان تابانی‘ جنرل سیکرٹری علی فاروق سے حلف لیا جبکہ سیکرٹری فنانس امیر علی مکھانی ملک سے باہر ہونے کے سبب اس تقریب میں شرکت نہ کر سکے جو کہ اپنی امریکہ واپسی پر حلف لیں گے۔ اس موقع پر آنے والے افراد کو عصرانہ بھی دیا گیا، جس میں مقامی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔