16 جنوری ، 2015
کراچی......... کراچی میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف اسلامی جمعیت طلبا کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے، اسلامی جمعیت طلبا کے مظاہرین پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج، شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی گئی ہے جبکہ اسلامی جمعیت طلبا کے مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکن کلفٹن تین تلوار سے فرانسیسی قونصل خانے کی طرف احتجاجی مارچ کررہے ہیں، مظاہرین فرانسیسی قونصل خانے کے قریب پہنچ گئے ہیں جبکہ فرانسیسی قونصل خانے کے باہر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے اسلامی جمعیت طلبا کے مظاہرین پر لاٹھی چارج، شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی ہے جبکہ اسلامی جمعیت طلبا کے مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھرائو کیا گیا ہے۔ پولیس مظاہرین کو فرانس کے قونصل خانے جانے سے روکنے کیلئے مسلسل شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کررہی ہے جبکہ پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا بھی استعمال کر رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران نجی ٹی وی چینل کا ایک رپورٹر زخمی ہوگیا جس اسپتال منتقل کردیا گیاہے جبکہ پولیس کی جانب سے اسٹیٹ فائرنگ کی غیر مصدقہ اطلاعات بھی ہیں۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے گزشتہ روز فرانس میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف آج بروز جمعہ ملک بھر میں یوم احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ کراچی سمیت ملک بھر کے دیگر شہروں میں جماعت اسلامی سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔