23 جنوری ، 2015
کراچی.......... وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سندھ میں کسی غیر آئینی اقدام اور مارشل لاء کے نفاذ کا مطالبہ وہ لوگ کر رہے ہیں جو آمریت میں وزارتوں کے مزے لیتے رہے ہیں اور جمہوریت میں ان کا دم گُھٹتا ہے۔سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور نومنتخب باڈی کو مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھا سکتا اور نہ ہی کسی مارشل لاء کی کوئی تجویز زیر غور ہے، کچھ سیاسی جماعتیں اورسندھ کے دو سابق وزرائے اعلیٰ غیر آئینی اقدام کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن انھیں منہ کی کھانی پڑے گی۔ اس موقع پر شرجیل میمن نے کراچی پریس کلب کیلئے وزارت اطلاعات کی جانب سے دس لاکھ روپے کی گرانٹ ، 140اراکین کیلئے ایک ماہ میں پلاٹ دینے، پریس کلب میں جمنازیم اور آڈیٹوریم بنانے کا بھی اعلان کیا ۔