26 جنوری ، 2015
نئی دہلی............امریکی صدرباراک اوباما نے بھارت کو سرمایہ کاری اور قرضوں کی مد میں 4ارب ڈالردینے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امریکا اور بھارت اہم اتحادی ہیں،ساتھ مل کرچل سکتے ہیں۔ نئی دہلی میں دونوں ممالک کے سرکردہ کاروباری افراد کے ساتھ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی اور امریکی صدربارک اوباما نے ملاقات کی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں امریکی صدرنےبتایا کہ ان کے دورے کا مقصد تجارت،سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے بھارت کو سچاعالمی اتحادی قرار دیا۔ صدراوباما نے کہاکہ بھارت اور امریکاایک ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں، دونوں ممالک دنیاکویہ بتاسکتے ہیں کہ کاروبارکیسے کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نریندرمودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات سے اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ دنیا مشترکہ مفادات کی سمت آگے بڑھے اور متحد ہوجائے۔